لندن 19مارچ (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) اتوار کے روز موزمبیق کے شہر بیرا میں ایک طاقت ور سائیکلون کے نتیجے میں 150 سے زیادہ افراد ہلاک اور سینکڑوں لاپتا ہو گئے۔موزمبیق کے صدر فلپ نیوسی نے کہا ہے کہ 84 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ انہوں نے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک حقیقی انسانی بحران ہے، اور اب تک لگائے جانے والے تخمینوں کے مطابق ایک لاکھ سے زیادہ افراد خطرے میں ہیں۔بین الاقوامی ریڈ کراس فیڈریشن اور ریڈ کریسنٹ سوسائیٹز کے کارکنوں پر مشتمل ایک ٹیم اتوار کو تباہی کا نشانہ بننے والے شہر پہنچی تاکہ صورت حال کا تخمینہ لگایا جا سکے۔ٹیم کے سربراہ جیمی لی سیور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فضائی جائزے سے پتا چلتا ہے کہ بیرا شہر کا 90 فی صد حصہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ موزمبیق، ملاوی اور زمبابوے کے 15 لاکھ سے زیادہ افراد سائیکلون سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہزاروں لوگوں کے پاس سڑکوں اور ٹیلی فون تک رسائی نہیں رہی، جن میں اکثریت غربیوں اور دیہی علاقوں میں رہنے والوں کی ہے۔سمندری طوفان آئیڈائی جمعرات کو موزمبیق کے ساحلی شہر بیرا سے ٹکرایا تھا۔ جس میں طوفانی ہواؤں کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تھی۔ اس کے بعد طوفان مغرب کی جانب ملاوی اور زمبابوے کی طرف بڑھ گیا۔